آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ملزمان کا ریکارڈ عدالتوں میں پیش کرنے بارے اقدامات کا جائزہ

116

لاہور۔11اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اظہر اکرم، ڈی آئی جی لیگل، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور اے آئی جی لاجسٹکس اینڈ ڈویلپمنٹ اجلاس میں موجود تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے کیسز میں ملزمان کا مکمل ریکارڈ عدالتوں میں پیش کرنے بارے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز عدالت پیشی سے قبل تفتیشی افسران کو مکمل تیاری کروائیں، انوسٹی گیشن افسران متعلقہ لا افسران کو کیسز ہسٹری اور ریکارڈ بارے مکمل بریف کریں۔ اسی طرح تفتیشی افسران شناخت پریڈ، فرانزک، ملزمان و کیس ہسٹری اور دیگر ریکارڈ کے ہمراہ مکمل تیاری کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوں،

تفتیشی افسران ڈسٹرکٹ سٹینڈنگ میڈیکل بورڈ میں باقاعدگی سے شرکت کریں،آر پی اوز اور ڈی پی اوز سنگین جرائم کے زیر التوا چالانوں کو جلد از جلد مکمل کروائیں۔انہوں نے کہاکہ کیس مینجمنٹ سسٹم سے پولیس عدلیہ، پراسیکیوشن اور جیل خانہ جات کے مابین کوآرڈینیشن میں بہتری آئی ہے،

لاہور اور رحیم یار خان میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کیس مینجمنٹ سسٹم کا آغاز ہو چکا ہے، مجرم کے جیل جانے اور رہائی پر آٹو میٹیڈ سسٹم کے تحت پروسیڈنگ بارے اپڈیٹ پولیس ریکارڈ پر آ جایا کرے گی۔