دبئی ۔ 05 مئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈ کپ کےلئے دس گنا اضافے کے ساتھ انعامی رقم کی منظوری دے دی ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق خواتین ورلڈ کپ کےلئے انعامی رقم 2 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 لاکھ ڈالر کر دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ خواتین میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ کے فروغ کےلئے اقدامات کر رہی ہے، گزشتہ ورلڈ کپ میں دو لاکھ ڈالر انعامی رقم رکھی گئی تھی جو اس بار بڑھا کر 20 لاکھ ڈالر کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ خواتین ورلڈ کپ رواں سال انگلینڈ میں ہوگا۔