آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ، نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

43

ڈبلن۔10جولائی (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ، نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، کیویز نے 301 رنز کا ہدف آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، مائیکل بریسویل نے 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ، اتوار کو ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے ،

ہیری ٹیکٹر نے 113 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، نیوزی لینڈ کی طرف سے لوکی فرگوسن ، بلیئر ٹکنر اور ایش سودھی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف مائیکل بریسویل کی شاندار سنچری کی بدولت 49.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، 153 کے مجموعی سکور پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد مائیکل بریسویل نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، مارٹن گپٹل 51 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، مائیکل بریسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔