آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر، زمبابوے نے امریکہ کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی، سین ولیمز کی 174 رنز کی اننگز

91
ICC
ICC

ہرارے۔26جون (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں زمبابوے نے امریکہ کو تاریخ ساز 304 رنز کے مارجن سے شکست دیدی، زمبابوے کے 409 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 25.1 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ زمبابوین کپتان سین ولیمز نے امریکی بائولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے 17ویں میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ کپتان سین ولیمز نے محض 65 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی، وہ 174 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں

5 چھکے اور 21 چوکے شامل ہیں۔ اوپنرز جوائے لینڈ گمبی نے 78 اور انوسینٹ کایا نے 32 رنز بنائے۔ سکندر رضا نے 27 48 اور ریان برل نے 16 بالوں پر 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ امریکہ کے بائولر ابھیشیک پراڈکر نے 3، جیسی سنگھ نے 2 اور نوستھوش نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ زمبایوے کے 409 رنز کے بڑے ٹوٹل کے جواب میں امریکہ کی ٹیم 25.1 اوور میں 104 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی۔

ابھیشیک نے 24 ، جسی سنگھ نے 21 رنز اور گجانند سنگھ نے 13 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ زمبابوین بائولرز رچرڈ انگاراوا اور سکندر رضا نے دو دو، بریڈ ایوانس، لیون جونگوے اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح زمبابوے نے امریکہ کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست سے دوچار کردیا جو کہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے۔واضح رہے کہ ورلڈکپ کوالیفائر میں زمبابوین ٹیم ابھی تک چار میچوں میں ناقابل شکست ہے۔