آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ۔ بابراعظم کی ٹاپ پوزیشن برقرار،محمد رضوان چوتھی پوزیشن پر آگئے

62
آئی سی سی رینکنگ

دبئی۔24نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، بابراعظم بدستور ٹی ٹونٹی کے نمبرون بلے باز ہیں ، محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی تازہ رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بلے بازوں کی ابتدائی تین پوزیشنز میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

بابر اعظم پہلی، ڈیوڈ ملان دوسری اور مارکرم تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کے ایل راہول ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن گپٹل نے ٹاپ ٹین میں واپسی کی ہے۔

بائولرز کی فہرست میں سری لنکا کے ونندو ہسارنگا پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جنوبی افریقی سپنر تبریز شمسی دوسری، آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد11ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ آل رائونڈر رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں۔