لندن۔14جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے فائنل میں جنوبی افریقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 27 برس بعد آئی سی سی ٹائٹل جیت لیا۔ لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں جنوبی افریقہ نے 282 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
فائنل کے ہیرو اوپنر ایڈن مارکرم رہے جنہوں نے 136 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ انہوں نے نہ صرف آسٹریلوی پیس اٹیک کا ڈٹ کر سامنا کیا بلکہ اپنی اننگز کے دوران 207 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 14 شاندار چوکے بھی لگائے۔ انہیں ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا بووما نے بھی مارکرم کا بھرپور ساتھ دیا اور 66 رنز کی اہم اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد رکھی۔
چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ فتح کے لیے صرف 69 رنز درکار تھے، تاہم ابتدا میں ہی کپتان بووما آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں ایڈن مارکرم اور بیڈنگھم نے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم مارکرم فتح سے صرف 6 رنز قبل 136 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
باقی درکار رنز ڈیوڈ بیڈنگھم اور ورینی نے مکمل کر کے جنوبی افریقہ کو 27 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کا چیمپئن بنا دیا۔ بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ واضح رہے کہ یہ جنوبی افریقہ کا آئی سی سی ایونٹس میں دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 1998 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ مارکرم کی شاندار اننگز، بووما کی قائدانہ صلاحیت اور بیڈنگھم کی ثابت قدمی نے جنوبی افریقہ کو تاریخ رقم کرنے میں مدد دی۔