اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):آئی ٹی ایف پاکستان زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی، جس میں 14 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ میں 38 لڑکوں اور 21 لڑکیوں نے مقابلہ کیا جس میں قازقستان، جاپان اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے نوجوان ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔بوائز سنگلز کے ایک سنسنی خیز فائنل میں ابوبکر طلحہ نے نادر مرزا کو 6-3، 7-5 کے اسکور سے شکست دی۔
لڑکوں کے ڈبلز فائنل میں نادر مرزا بھی شامل تھے جنہوں نے میکائیل علی بیگ کے ساتھ مل کر سنگاپور کے ابوبکر طلحہ اور لیوک جی ژی ہو کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔گرلز ڈبلز فائنل میں سعودی عرب کی ہانیہ امان منہاس اور چین کی زیہان فینگ نے قازقستان کی اروزان بیالینا اور صوفیہ ملیشیوا کو 6-1، 6-2 کے اسکور کے ساتھ شکست دی۔اس سال کی چیمپئن شپ خاص طور پر یادگار رہی کیونکہ تین پاکستانی لڑکے نادر مرزا، ابوبکر طلحہ اور میکائل علی بیگ ایک ہی دن فائنل میں پہنچے، جس نے جونیئر ٹینس میں ملک کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا۔یہ ایونٹ ایک نوجوان ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی کی یاد میں وقف تھا جو فروری 2024 میں آئی ٹی ایف ٹورنامنٹ کے دوران المناک طور پر انتقال کر گئی ۔
چیمپئن شپ نے کھیل کے لیے اس کی لگن کو دلی خراج تحسین پیش کیا۔اختتامی تقریب میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف ) کے صدر اعصام الحق قریشی نے مہمان خصوصی کے طور پر زینب کے والدین کے ساتھ شرکت کی۔اعصام الحق قریشی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس امید افزا سمت کی عکاسی کرتا ہے جس کی طرف ہمارا جونیئر ٹیلنٹ جا رہا ہے۔کرنل ضیاء الدین طفیل، سیکرٹری پی ٹی ایف اور دیگر معززین نے بھی جیتنے والوں اور شرکاء کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔آئی ٹی ایف پاکستان لیگ ٹوکا آغاز ہفتہ سے ہوا جس کا مین ڈرا پیر 14 اپریل 2025 کو شروع ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581138