اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں کی نقل و حرکت کے پیش نظر ایک خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا تاکہ غیر معمولی حفاظتی انتظامات اور شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئی ٹی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو فیض آباد، ایکسپریس ہائی وے، کلب روڈ، نائنتھ ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شام 5:30 بجے سے 6:30 بجے تک جبکہ رات 12:30 بجے سے 1:30 بجے کے درمیان اضافی اقدامات کیے جائیں گے۔آئی ٹی پی کے مطابق ٹیموں کی نقل و حرکت کی وجہ سے ٹریفک کی روانی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے اور مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شہریوں کو اس دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈز کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آئی ٹی پی نے کہا ہے کہ بلیو ایریا، سیکٹر F-6 اور F-7 کی طرف جانے والے مسافر H-8 انڈر پاس استعمال کریں جبکہ ریڈ زون اور سرینا ہوٹل جانے والے مسافروں کو مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، آبپارہ چوک اور نادرا چوک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اسی طرح بری امام کی طرف جانے والے مسافر نادرا چوک کا استعمال کریں اور سیکٹر I اور H جانے والے مسافروں کو راولپنڈی پشاور روڈ اور IJP روڈ کو سروس روڈز سے جانا چاہیے۔پی ایس ایل ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ہیوی ٹریفک کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مری روڈ سرینا سے فیض آباد براستہ راول ڈیم ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران بند رہے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ شہریوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے دارالحکومت کے مختلف مقامات پر ٹریفک افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ 20 منٹ کے اضافی مارجن کے ساتھ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے اور کسی بھی مدد کی صورت میں ITP ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ITP کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک روٹس کے بارے میں حقیقی وقت میں اپ ڈیٹس بھی فراہم کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584477