آئیسکو نے وزیراعظم کی ہدایت پر اپنے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر ریلیف فراہم کر دیا

224
IESCO

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر کی ہدایت پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے ملک میں بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو ریلیف فراہم کردیا ہے۔

آیئسکو کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سنگل فیز میٹر والے گھریلو ٹیرف صارفین جنہوں نے جون 2022 کے مہینے کے دوران 201 سے 300 یونٹ بجلی استعمال کی ہے اس سہولت سے مستفید ہو ں گے، ایسے صارفین کے اگست 2022 کے اپنے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور بلوں کی مقررہ تاریخ میں بھی 12 ستمبر 2022 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ نظرثانی شدہ اور توسیع شدہ بلوں کو آئیسکو کی ویب سائٹ www.iesco.com.pk پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

صارفین آئیسکو کی ویب سائٹ، متعلقہ ایس ڈی او/ ریونیو دفاتر یا قریبی کسٹمر سروس سے بلوں کی درستگی یا توسیع شدہ بل کی ڈپلیکیٹ نقول حاصل کر سکتے ہیں۔آئیسکو کے وہ صارفین جو مندرجہ بالا شرائط کو پورا کرتے ہیں اور اپنے اگست 2022 کے بل پہلے ہی ادا کر چکے ہیں،

ان کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے جمع کی گئی رقم ستمبر 2022 کے بل میں جمع کر دی جائے گی۔ ایسے صارفین کو آئیسکو کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے صارفین جن کے پچھلے 6 ماہ میں استعمال ہونے والے یونٹ 200 یا 200 سے کم ہیں، حکومت کی ہدایات پر اگست 2022 کے بجلی کے بلوں کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں انہیں پہلے ہی6 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا جا چکا ہے۔