اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ایف آئی اے، پولیس اور دیگر لا انفورسمنٹ اداروں کے تعاون سے تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد، راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، اٹک، چکوال اور جہلم میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کامیابی سے جاری ہے ۔بدھ کو جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پر 7ستمبر 2023 سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ابتک13 لاکھ82ہزار143 میٹرز چیک کئے گئے۔ متفرق طریقوں سے بجلی چوری کرنے پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے66کروڑ59 لاکھ80ہزار52 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ بجلی چوروں کے خلاف2263 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے1626افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب نادہندگان کے خلاف بھی آئیسکو ریکوری ٹیموں کا بھرپور کریک ڈائون کامیابی سے جاری ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر بجلی واجبات ادا نہ کرنے والے1لاکھ 43ہزارسے زائدرننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرصارفین سے اب تک3ارب79کروڑ54لاکھ40ہزار روپے کی ریکوری کو یقینی بنایا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکومحمد نعیم جان کا صارفین سے کہنا تھا کہ وہ اپنے ذمے بجلی واجبات وقت پر ادا کریں اور بجلی چوری کی اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیتے ہوئے بجلی چوری کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی او کمپلینٹ آفس کے نمبرز،آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 34-9252933-051 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔