اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ہم سب کو آئین پاکستان کی پاسداری کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کے لیے ایک پر امن،خوشحال اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی (50 ویں سالگرہ) کے موقع پر اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں، اپنے عظیم قائد اور آئین کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اس تاریخی دستاویز کو تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، اس کٹھن اور طویل سفر میں ہم نے بہت کچھ پایا اور کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو، کارکنان اور تمام جمہوریت پسند لوگوں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے آئین اور جمہوریت کے اس سفر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، میں صدر آصف زرداری اور اتحادی حکومت کی شکرگزار ہوں جنہوں نے 2010 میں 18ویں ترمیم پاس کرکے 73 کے آئین کو بحال کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہماری قوم کیلئے آئین ایک جمہوری، منصفانہ اور مساوی معاشرے کے رہنما اصول کا کام کرتا ہے، آئین وفاق کی تمام اکائیوں اور شہریوں کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید بھٹو کا آئین ہی ہے جو ہمیں آپس میں مضبوطی سے جوڑ کر رکھتا ہے اور بکھرنے نہیں دیتا، آئیے اپنے آئین میں درج اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے عزم کریں اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کے لیے ایک پر امن،خوشحال اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں