آبادی اور تولیدی صحت کے شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا،سید مصطفیٰ کمال

5

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی اور تولیدی صحت کے شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ایف پی اے کے نمائندہ ڈاکٹر لوئے شبانہ سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی، زچہ و بچہ اورآبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر صحت نے یو این ایف پی اے کے ساتھ طویل شراکت داری کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔آبادی اتنی تیزی سے بڑھ رہی ہے کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ شرح تولید اور آبادی میں کمی کو قومی پالیسی کا حصہ بنانا ہوگا ۔پالیسیوں پر عملدرآمد اور صوبائی ہم آہنگی کو بھی مضبوط بنایا جائے گا ۔کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ یو این ایف پی اے وزارت کے ساتھ بھر تعاون جاری رکھے گا ۔انہوں نے آبادی کے معاملات کو ملکی پالیسی کا حصہ بنانے پر وزیر صحت کے ویژن کی تعریف کی ۔