آج پی ٹی آئی دس حصوں میں تقسیم ہو چکی ، 9 مئی والوں نے ملکی دفاعی اداروں پر حملے کئے اور 28 مئی والوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان بچانے والوں اور پاکستان برباد کرنے والوں کے درمیان فرق ہمیشہ رہے گا، عطاءاللہ تارڑ

143
Federal Minister of Information
Federal Minister of Information

گکھڑ (گوجرانوالہ)۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، آج ان کی جماعت خود تقسیم ہو چکی ہے، 9 مئی والوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے اور 28 مئی والوں نے اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان بچانے والوں اور پاکستان برباد کرنے والوں کے درمیان فرق ہمیشہ رہے گا۔ ہفتہ کو یہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو بحرانون سے نکالا، عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی آواز پر لبیک کہا، گکھڑ کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہاں کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سال پہلے اس ملک میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ یہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، کچھ بدبخت ڈیفالٹ کی دعائیں کر رہے تھے، ایک طرف پاکستان بچانے والے لوگ تھے اور دوسری طرف پاکستان کو برباد کرنے والے تھے، پاکستان کو برباد کرنے والوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، ان لوگوں نے اپنے دور میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی بلکہ ہمارے منصوبوں کو بھی تباہ و برباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پوری دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کے معترف ہیں۔

پاکستان کے معاشی اشاریے بلند ترین سطح پر ہیں، مہنگائی کم ہو رہی ہے، شرح سود نیچے جا رہی ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے اور ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف 9 مئی والے ہیں اور دوسری طرف 28 مئی والے، 9 مئی والوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے اور 28 مئی والوں نے اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ فرق ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسی پارٹی ہے جس کے لیڈر نے 190 ملین پائونڈ کا غبن کیا جس کی پوری دنیا میں ہیڈ لائنز لگیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اس ملک کے خلاف سازشیں کیں، محب وطن پارٹی کے سربراہ محمد نواز شریف کے خلاف سازش کی، نواز شریف نے اس ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، وہ جدید پاکستان کے معمار ہیں، محمد نواز شریف نے اس ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز پورے پنجاب میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بچانے والوں اور پاکستان برباد کرنے والوں کے درمیان فرق ہمیشہ رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج جیل میں سہولتیں مانگ رہے ہیں، انہوں نے قوم کے بچوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا، اب سوشل میڈیا کا بخار بھی اتر چکا ہے، ان کے پلے اب کچھ نہیں رہا، انہوں نے خاندانوں، دوستوں میں لڑائیاں کروائیں، لوگوں کو نفرت پر اکسایا، آج ان کی پارٹی دس حصوں میں بٹ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے والوں کی آج اپنی ہی پارٹی کے ٹکڑے ہو چکے ہیں، انہوں نے بدنیتی سے اقتدار اور پیسے کی ہوس کی سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست خدمت کا نام ہے، نفرت، تقسیم ، لوٹ مار اور کرپشن کی سیاست کرنے والے آج بے معنی ہوتے جا رہے ہیں، ان کا کوئی نام نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک فوج پر الزام لگاتے تھے، ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے جس کے جوان، سپاہی اور افسر روز اس ملک کی سالمیت کی خاطر جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو برباد کیا، نفرت کے بیج بوئے، فوج کے خلاف بیانیے بنائے، ملک میں انتشار پھیلایا، دہشت گردوں کو واپس لے کر آئے، آج ان کے اپنے صوبے میں صوابی کے جلسے میں ان کے بندے پورے نہیں ہو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نارروال جاتی ہیں تو حد نگاہ لوگ ہی لوگ ہوتے ہیں، میاں شہباز شریف ڈیرہ غازی خان جاتے ہیں تو وہاں میلوں لائنیں لگی ہوئی ہیں، جھوٹ اور منافقت کی سیاست اب دفن ہو چکی ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہم اس علاقے کا قرض اتارنے آئے ہیں، آپ کو اس حلقے میں کوئی ایسی جگہ نہیں ملے گی جہاں ترقیاتی کام نہ ہو رہے ہوں۔ علاقے کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا اور جو پیار محبت دیا ہمارا فرض بنتا تھا کہ پہلے علاقے کی خدمت کریں، اس لئے پیر کوٹ سے شروع ہونے والی آٹھ کلو میٹر طویل سڑک پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے، آئندہ سالوں میں اس حلقے میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائیں گے۔