شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا محور جمہوریت، انسانی اور معاشی حقوق تھے، وفاقی وزیر شازیہ عطا مری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر ویڈیو پیغام

256

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ آج 27 دسمبر محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کا دن ہے، ہم محترمہ شہید بینظیر بھٹو کو آج کے دن خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی پر ویڈیو پیغام میں شازیہ مری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کے اندر جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے بہت جدوجہد کی، محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا محور جمہوریت، انسانی اور معاشی حقوق تھے، شہید بینظیر بھٹو نے بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے، بی آئی ایس پی پروگرام بینظیر بھٹو شہید کے نام سے منسلک ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا خواب شہید بینظیر بھٹو نے دیکھا، وہ چاہتی تھیں کہ غریب ترین گھرانوں کو مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے اندر باعزت زندگی بسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید رانی کی امنگوں کے مطابق لاکھوں خاندانوں کی کفالت کا پروگرام بنایا، آج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8.5 ملین غریب خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ آج کے دن ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید بینظیر بھٹو کا مشن ابھی پورا نہیں ہوا جس کے تحت پاکستان ترقی کے منازل حاصل کرے گا، شہید رانی کا مشن پاکستان کو اقتصادی، سماجی اور سیاسی طور پر مضبوط دیکھنا تھا، آج چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری دنیا بھر میں شہید بینظیر بھٹو کا مشن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، آئیں سب مل کر ایک بار پھر اس عزم کو دہرائیں کہ ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔