آذربائجان اور ایران کے صدور نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ، وزیراعظم شہباز شریف

183
وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائجان اور ایران کے صدور نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آ ج انہوں نے عید کی مبارکباد دینے کے لیے آذربائیجان اور ایران کے صدور سے ٹیلی فون پر بات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے صدر الہام علیوف کا میرے حالیہ دورہ باکو کے دوران مجھے اور میرے وفد کے ارکان کاپرتپاک خیرمقدم اور مہمان نوازی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ میں نے صدر مملکت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے بھی ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ ہم نے اپنے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ میں نے ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی جسے انہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے قبول کیا۔