اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی)نے کوئنز لینڈ ہوٹل لیڈز، برطانیہ میں چھٹی پاک برطانیہ بزنس مواقع کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یارکشائر کی میئر محترمہ ٹریسی بریبن اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر صدر چیمبر ثاقب رفیق نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بزنس مواقع کانفرنس کے انعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی اور مزید کہا کہ تجارتی کانفرنس کا بنیادی مقصد مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی خدمات، خوراک، پولٹری، گارمنٹس، ٹیکسٹائل اور مشینری میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
ثاقب رفیق نے راولپنڈی سمیت پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں اورکاروباری سہولت کے قیام پر بھی روشنی ڈالی اور مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے مزید اعتماد پیدا ہوگا اور پاکستان میں مزید براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ایس ) کو راغب کیا جائے گا۔ تعاون اور نیٹ ورکنگ کو بڑھانے کے لیے راولپنڈی چیمبر اور ویسٹ نارتھ یارکشائر چیمبر کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
آر سی سی آئی کے صدر ثاقب رفیق، نائب صدر فیصل شہزاد، جیمز میسن کے صدر/ سی ای او ویسٹ اینڈ نارتھ یارکشائر چیمبر آف کامرس، پاکستان کے قونصل جنرل زاہد جتوئی، برٹش فرینڈز آف پاکستان سے امجد بشیر اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد اختر سمیت آر سی سی آئی کے ممبران، خورشید برلاس، فہد برلاس اور برطانیہ میں مقیم کمپنیوں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔