38.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومعلاقائی خبریںآر ٹی ایس کمیشن میں چھ عوامی شکایات کی شنوائی، خدمات تک...

آر ٹی ایس کمیشن میں چھ عوامی شکایات کی شنوائی، خدمات تک بروقت رسائی عوام کا حق ہے، کمیشن

- Advertisement -

پشاور۔ 26 مئی (اے پی پی):رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ کمیشن کے دو کمشنرز محمد عاصم امام اورذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ طاہر شاہ نامی شہری نے ہری پور سے حد براری کے لیے کمیشن سے رجوع کیا، حد براری ہو چکی، مخالفین نے دوبارہ زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ کمیشن نے اس حوالے سے متعلقہ ڈی سی سے رپورٹ طلب کرلی۔ پشاور سے فیصل خان نامی شہری نے فرد کے حصول کے لیے کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ کمیشن نے حلقہ پٹواری کو پیش ہونے کے احکامات جاری کیے جس پر حلقہ پٹواری نے کمیشن کو بتایا کہ عدالت میں کیس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔ کمیشن نے آخری وارننگ دیتے ہوئے پٹواری کو اگلے ہفتے طلب کر لیا۔نعیم الرحمن نے ہری پور سے زمین کے حد براری کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی، جو کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں۔

شہری کا کہنا تھا کہ نہ صرف حدبراری مقررہ مدت میں نہیں کی ہے بلکہ ان سے رقم بھی لی گئی ہے۔ سابقہ اور موجودہ حلقہ پٹواری کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ شہری کا کہنا ہے کہ 80 ہزار روپے لیے گئے اور اس کے سارے ثبوت موجود ہیں۔ پٹواری کا کہنا ہے کہ اس نے قرضہ حسنہ کے طور پر پیسے لیے تھے۔پٹواری نے 50 ہزار روپے لینے اور کمیشن کی مداخلت پر واپس کرنے کی تصدیق کی۔ کمیشن نے رشوت لینے اور خدمات کی بروقت فراہمی میں کوتاہی کی بنا پر ڈی سی ہری پورکو ہدایت کی کہ وہ پٹواری کو فوراً معطل کر کے انکوائری رپورٹ کمیشن کوپیش کرے۔ کرک سے قدیر اللّٰہ نامی شہری نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن کو درخواست دی ہے۔ کمیشن کی مداخلت پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی۔ پشاور سے معاذ اللہ نامی شہری نے جعلی انتقال کے معاملے پر کمیشن کو درخواست دی۔ شہری کا کہنا ہے کہ جعلی انتقال کیا گیا ہے اور اس کا ریکارڈ بھی موجود نہیں۔

- Advertisement -

کمیشن نے شہری کو ہدایت کی کہ وہ ڈی سی کو بطورِ اپیلیٹ اتھارٹی درخواست دے۔ اسکے بعد کمیشن کے پاس کیس کو سننے کا قانونی حق ہو گا۔ ملک محمد شفیع نامی شہری نے پشاور سے فرد کے حصول کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ حلقہ پٹواری کمیشن میں پیش ہوئے۔ کمیشن نے شہری کو فرد دینے کے احکامات جاری کیے۔ کمیشن نے سرکاری افسران کو عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ بنیادی خدمات کا حصول عوام کا حق ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601560

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں