راولپنڈی۔ 18 مارچ (اے پی پی):انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے نے گلریز ہاؤسنگ سکیم میں تجاوزات کا صفایا و خاتمہ کر دیا ، بولٹن یونیورسٹی اور 150 سے زائد املاک سر بمہر کر دیں،ٹریفک کے بہاؤ کو بڑھانے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک فعال اقدام میں انفورسمنٹ سکواڈ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کار چوک تا گلریز ہاؤسنگ سکیم کے گیٹ نمبر 3 تک تجاوزات کا صفایا و خاتمہ کردیا ہے۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق یہ آپریشن ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر کیا گیا۔ انفورسمنٹ سکواڈ نے ، تجاوزات ، شیڈز اور ریمپز کو نشانہ بناتے ہوے مسمار کر دیا اور 150 سے زائد املاک کو سیل کر دیا، بشمول بولٹن یونیورسٹی، ڈھانچے، دکانیں اور عمارتیں، جو سڑک تک رسائی میں رکاوٹ تھیں۔
اولڈ ائیرپورٹ تھانہ کے پولیس اہلکاروں کے تعاون سے آپریشن کیا گیا۔ یہ اقدام نظم و نسق کو بحال کرنے اور سڑک پر پیدل چلنے والوں کی حفاظت اور گاڑیوں کی نقل و حرکت دونوں کو بہتر بنانے کی ایک وسیع کوشش کا حصہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں، جس پر زیرو ٹالرنس کا اصول اپنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بلا تعطل بہاؤ کے لیے تجاوزات کا صفایا ناگزیر ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ آپریشن شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے اور رہائشیوں کے لیے محفوظ اور قابل رسائی سڑکیں فراہم کرنے کی ایک وسیع کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی بھیڑ کا سبب بنتی ہیں بلکہ یہ عوام کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ آر ڈی اے نے شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور راولپنڈی میں رہائشیوں کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے اسی طرح کے مزید آپریشنزجاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تجاوزات سے پاک زونز کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں تاکہ راولپنڈی کی سڑکیں محفوظ، قابل رسائی اور رش سے پاک رہیں۔ یہ آپریشن آر ڈی اے کی آپریشن ٹیم نے ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان کی سربراہی میں کیا۔ جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول عاطف محمود چوہدری، بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ شفیق الرحمان، بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک اور دیگر آر ڈی اے عملہ کے ساتھ مذکورہ تھانہ کے اہلکار شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573907