راولپنڈی ۔21مارچ (اے پی پی):ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ فرقت صدیقوف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہےجن کی جڑیں مذہبی وابستگی، مشترکہ اقدار، جیو سٹریٹجک اہمیت، باہمی فائدہ مند اور بڑھے ہوئے اقتصادی اور دفاعی تعاون کے امکانات پر مبنی ہیں۔
فریقین نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔