راولپنڈی۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید سے امریکی سینیٹرز کرس وان ہولن اور میگی حسن نے ملاقات کی جس میںباہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغان مفاہمتی عمل اور مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی سینیٹرز نے آرمی چیف سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی حمایت کی تعریف کی اور افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کے اعتراف کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹرز نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔