آرٹس کانسل میں پنجاب کلچر ڈے کل منایا جا ئے گا، خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی

220

فیصل آباد۔ 13 اپریل (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پنجاب کلچر ڈے کل 14 اپریل بروز پیر کو شایان شان طریقے سے منایا جا ئے گااور اس حوالے سے تمام دن خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی جن کا مقصد پنجاب کی قدیم روایات اور ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آبادکے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کی ثقافت کے رنگوں کو دیدہ زیب طریقے سے اجاگر کرنے کیلئے فیصل آباد آرٹس کونسل میں کل 14 اپریل کو صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا جن میں فیملیز، طلباوطالبات، اہم شخصیات اور سول سوسائٹی کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے جوڑنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر پنجابی پگڑی، پنجابی بھنگڑا، ڈھول پرفارمنس، پنجابی گیت بولیاں،پنجابی کھیڈاں، نمائش دستکاری، پھولاں دی نمائش اور شام 5 بجے شاندار پنجابی مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا جا ئے گا جس میں نامور پنجابی شعرا اپنا کلام پیش کرکے دھرتی سے اپنی لازوال عقیدت و محبت کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام تقریبات میں ہر قسم کا داخلہ بالکل فری ہوگا۔ انہوں نے شہریوں کو دعوت دی کہ آئیں مل کر پنجاب کلچر ڈے منائیں اور اپنی تہذیب پر فخر محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد کے فون نمبر 041-9200781 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔