اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور چینی کمپنی تھری گارجز کارپوریشن نے 1124 میگاواٹ کوہالہ ہائیڈل پروجیکٹ سے متعلق معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ جمعہ کو آزاد جموں وکشمیر کی حکومت اور چینی کمپنی کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت 1124 میگاواٹ کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر عملدرآمد اور پانی کے استعمال سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اس سلسلے میں چینی کمپنی 2ارب 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک رن آف ریور منصوبہ ہے ، جو آزادکشمیر میں کوہالہ کے قریب تعمیر کیا جائےگا۔ اس منصوبے کے لئے معاہدے کو 2020 میں حتمی شکل دی گئی تھی اور بعد میں اس پر باضابطہ طور پر پاکستان کے وزیر اعظم ، اور چینی سفیر کی موجودگی میں ایک تقریب میں دستخط ہوئے۔ چائنا تھری گارجز کارپوریشن (سی ٹی جی سی) چین کی سرکاری بجلی گھر بنانے والی کمپنی ہے اور 7 جنوری 2015 کو پاکستان میں ایک پن بجلی گھر تعمیر کرنے کا حق اسے دیا گیا تھا،یہ چینی کمپنی کی پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بڑا منصوبہ ہے،منصوبے سے علاقے میں روزگار کے مواقع بڑھیں گےاور آزاد جموں و کشمیر کی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا۔