چڑھوئی۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لئے 550 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون پر کام شروع ہو چکا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور وکیل ہیں ، آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے دو نوجوان شہداکے لواحقین کو انصاف ضرور ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چڑھوئی آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت فرید کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
اس موقع پر الیکشن مہم کے انچارج ظفر انور اور دیگر بھی موجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا ، شہدا کے لواحقین کو انصاف ضرور ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ حق و سچ کا ساتھ دیتا ہے ، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت قائم کرانے پر کشمیری عوام کے احسان مند ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سات دہائیوں کی محرومیاں دور کرنے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے ، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کی بھرپور خدمت کرے گی ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے لئے 370 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا وعدہ پورا کیا ، آزاد کشمیر کے لئے 550 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون پر کام شروع ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اربوں ڈالرز قرض لے کر ہماری خودمختاری اور خودداری کا سودا کیا ، وزیراعظم عمران خان نے عزم کیا ہے کہ مشکل حالات کا سامنا کریں گے لیکن قوم کو اس کی خودداری واپس دلائیں گے ۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور وکیل ہیں ، انہوں نے واضح کیا کہ بھارت سے اگر مذاکرات ہوئے تو سب سے پہلے مسئلہ کشمیر پر ہی ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خوددار ملک بننے کے لئے ہمیں اپنے وسائل میں اضافہ کی ضرورت ہے۔