آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئےعالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنا ہو گی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

140
Barrister Sultan Mahmood Chaudhry
Barrister Sultan Mahmood Chaudhry

مظفر آباد۔11جنوری (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے یہاں سے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لئے ہمیں کمر بستہ ہو جانا چاہیے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور کشمیری عوام کو اپنے ہی گھروں میں مقید کر رکھا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہا ہے اور حریت قیادت کو پابند سلاسل کیاہوا ہے، ایسے حالات میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو متفق و متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے ملکی و عالمی سطح پرجارحانہ اور موثر انداز میں اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پرسابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کوملکی و بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جنگ لڑی ہے اور مودی سرکار کے انسانیت سوزاور ناپاک عزائم کا پردہ چاک کیا ہے جس پر پوری کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اورسابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے درمیان آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید اور وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزرائے حکومت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اندرون و بیرون ملک اُٹھانے کے لئے متحد ہو کر کوششیں کریں اور اس سلسلے میں تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔