آزادی ٹرین اپنے سفر کیلئے مکمل طور پر تیار، (کل) اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی، منیجنگ ڈائریکٹر کیرج فیکٹری محمد یوسف کی پریس بریفنگ

124

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر کیرج فیکٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ آزادی ٹرین اپنے سفر کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور یہ (کل) جمعرات سے اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔ آزادی ٹرین وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ریلوے کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ آزادی ٹرین عوام کے درمیان جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنے کے لئے معاون کردار ادا کرے گی جو پاکستان کی تاریخی آزادی کی جدوجہد کے مختلف پہلوﺅں اورملکی تہذیب و ثقافت کو بھی نمایاں کرے گی۔ بدھ کو یہاں بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید ٹرین کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے سفیر بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین تین حصوں پر مشتمل ہے جس میں 6 فلوٹس، 6 گیلریز اور 6 آپریشنل بوگیاں ہوں گی۔ فلوٹس پر چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ دو کوچز مسلح افواج کیلئے مختص کی گئی ہیں جنہوں نے پاکستان کی حفاظت کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں۔ ایک کوچ پاک چائنا اکنامک کوریڈور اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی نمائندگی کرے گی۔