بلوم فونٹین۔۔7ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی، کینگروز نے میزبان ٹیم کا 223 رنز کا ہدف 41ویں اوور میں حاصل کرلیا، ریٹائرڈ ہرٹ کیمرون گرین کی جگہ نمبر 8 پر بیٹنگ کے لئے آنے والے مارنس لبوشین نے 80 رنز کی بہترین ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی، ایشٹن ایگر 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
جمعرات کو اوول بلوم فونٹین میں کھیلے گئے 5 ون ڈے پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 222 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کپتان ٹمبا باووما نے شاندار نصف سنچری سکور کی، انہوں نے 142 بالوں پر 114 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر بیٹ کیری کا اعزاز حاصل کیا۔ مارکو جانسین نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان باووما نے ایک اینڈ پر وکٹ کو نہ صرف سنبھالے رکھا بلکہ سکور مں اضافہ بھی کرتے رہے جبکہ دوسرے اینڈ پر کوئی جنوبی افریقی بیٹر آسٹریلوی بائولرز کے سامنے ڈٹ کر نہ کھیل سکا اور مسلسل وکٹیں گرتی رہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مارکس سٹوئنس نے دو جبکہ سین ایبٹ، ایشٹن ایگر، ایڈم زمپا اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے 203 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر 40.2 اوورز میں حاصل کرلیا، مارنس لبوشین نے ایشٹن ایگر کے ساتھ مل کر 8 ویں وکٹ میں 122 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ مارنس لبوشین 80 اور ایشٹن ایگر 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
مارنس لبوشین کیمرون گرین کے ریٹائرڈ ہرٹ ہو جانے کے باعث ان کے متبادل کے طور پر 8ویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے میدان میں اترے تھے، نمبر چار پر بیٹنگ کے لئے آنے والیکیمرون گرین کو فاسٹ بائولر کگیسکو رابادا کا بائونسر لگنے کی وجہ سے گرائونڈ سے باہر جانا پڑا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کگیسو رابادا اور گیرالڈ کوٹزے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، مارکو جانسین ، لونگی نگیدی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔