آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

72
آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

کولمبو۔24جون (اے پی پی):آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا، کینگروز نے 161 رنز کا ہدف 40 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ایلیکس کاری نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 5 میچز کی سیریز 2-3 سے سری لنکا کے نام رہی، جمعہ کو آر پریماداسا سٹیڈیم،کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان ڈاسن شنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا،

میزبان ٹیم 43.1 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکن بیٹرز آسٹریلوی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے، چیمیکا کرونارتنے نے 75 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، دشنکا گوناتھلکا 8، پاتھم نسانکا 2 ، کوسال مینڈس 26 ، دنیش چندیمل 6 ، چاریتھ اسلانکا 14، دنتھ ویلا لاگے 4 اور ڈاسن شنکا ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے،

آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزلووڈ، میتھیو کوہنمین اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 39.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، آسٹریلوی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، ڈیوڈ وارنر 10، کپتان ایرن فنچ صفر اور جوش انگلز 5 رنز بناکر آئوٹ ہو گئے

، اس موقع پر مارنس لابوشین اور ایلیکس کاری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، لابوشین 31 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، ایلیکس کاری نے 45 اور کیمرون گرین نے 25 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سری لنکا کے ڈنتھ ویلالاگے نے تین کھلاڑیون کو آئوٹ کیا، واضح رہے کہ 5 میچز کی سیریز 2-3 سے سری لنکا کے نام رہی، چمیکا کرونارتنے کو میچ اور کوسال مینڈس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔