آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے،قومی ٹیم نے اچھی حکمت عملی تیار کی ہے، فواد عالم

89

کراچی۔23فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فواد عالم نے کہا ہے کہ کینگروز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو اپنی ہی سرزمین پر شکست دینے کے لیے ایک اچھی حکمت عملی تیار کی ہے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے کیمپ میں تمام کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے لئے جتنی بھی تیاری کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا 1998 میں جب پاکستان آئی تھی تب میں نے تماشائیوں کے سٹینڈز میں بیٹھ کر میچ دیکھا تھا، خوشی ہے کہ اب اسی ٹیم کے خلاف گرائونڈ میں اتریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد عالم نے کہا کہ قومی کپتان بابراعظم اور محمد رضوان ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ان کی کارکردگی ہم سب کے سامنے عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق قومی کپتان اور مایہ ناز بلے باز محمد یوسف کے بطور بیٹنگ کوچ ٹیم کو بہت فائٸدہ ہوگا۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ اگر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی موقع دیا گیا تو میری خدمات حاضر ہوں گی۔انہوں نے پوری قوم سے درخواست کی ہے کہ وہ ہماری کامیابی کیلئے دعا کرے۔