اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے سینئر راہنما الطاف حسین وانی نے کپواڑہ میں کشمیری نوجوان اختر حسین کے زیر حراست قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔
اپنے بیان میں اے پی ایچ سی کے رہنما الطاف حسین وانی نے معصوم اختر حسین کے قتل کو ریاستی دہشت گردی کے بدترین شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی افواج کی طرف سے نوجوانوں کا قتل معمول بن چکا ہے ، قابض افواج کالے قوانین کی آڑ میں کام کررہی ہیں جس کے تحت انھیں کھلی آزادی حاصل ہے ۔
انہوں نے بھارتی افواج کی طرف سے کشمیریوں سے اپنے پیاروں کی تدفین کا حق بھی چھیننے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس حراست اور بھارتی افواج کے جعلی مقابلوں میں مارے جانے والے نوجوانوں کی خفیہ تدفین کی جاتی ہے ، یہ معصوم کشمیریوں کے خلاف کیے جانے والے بدترین مظالم اور اپنے جرائم کو چھپانے کی دانستہ کوشش ہے ۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور بھارتی افواج کو مجبور کریں کہ وہ شہید نوجوانوں کے جسدخاکی ان کے ورثا کے حوالے کریں ۔ شہید ہونے والے نوجوان حریت راہنما گلشن کے احمد کے بھتیجے ہیں ۔