”آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس و انٹرنیشنل چیمبر کانفرنس 17سے 18جنوری تک اسلام آباد میں ہوگی

291

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):معاشی و اقتصادی صورتحال سے نمٹنے اور سٹیک ہولڈرز کے متفقہ لائحہ عمل پر غور و غوص کے لیے ”آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس و انٹرنیشنل چیمبرکانفرنس کل (منگل 17 جنوری سے) اسلام آباد میں شروع ہوگی جوکہ 18جنوری تک جاری رہے گی ، انٹرنیشنل کانفرنس راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیراہتمام منعقد کی جائے گی ۔ کانفرنس کا مقصد ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال پر کاروباری برادری کا نقطہ نظر اور معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے تجاویز مرتب کرناہے۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے اتوار کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ راولپنڈی چیمبر گذشتہ پندرہ برس سے آل پاکستان چیمبر صدور کانفرنس منعقد کرارہاہے جس کے دوران تاجر دوست پالیسیوں کی تشکیل کے لیے حکومت کو کاروباری برادری کی جانب سے تجاویز دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ ملکی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے تمام سٹیک ہولڈرز آن بورڈ لینے کے لیے ” انٹرنیشنل چیمبر سمٹ ” کے نام سے آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سمٹ میں پاکستان بھر سے چیمبر آف کامرس کے صدور کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری ،معاشی ماہرین اور سیاسی جماعتوں کے عمائدین بھی شریک ہوں گے۔ انٹرنیشنل چیمبر سمٹ ” کے چیئرمین عثمان اشرف نے کہاکہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد یہ بھی ہے کہ حکومتی سطح پر تاجر برادری اور عوام کو معاشی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جاسکے جبکہ کاروباری برادری معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنی تجاویز سے حکومت کو آگاہ کرسکے۔