فیصل آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی):آلو کی تازہ پیداوار بطور بیج نئی کاشت کیلئے موزوں نہیں ہوتی لہٰذا کاشتکار کاشت سے پہلے بیج کی خوابیدگی کو توڑنے کا عمل یقینی بنائیں۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے 20اکتوبر تک آلو کی کاشت مکمل کرلیں کیونکہ مذکورہ ایام آلو کی کاشت کے حوالے سے انتہائی موزوں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آلو کو کاشت کرنے سے پہلے اس کے بیج کے طور پر استعمال سے قبل ا سے 10 سے12ہفتے تک کھلا پڑا رہنے دیا جائے کیونکہ اس سے اس کی خوابیدگی خود بخود ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیماری سے پاک تصدیق شدہ اعلیٰ معیار کا حامل بیج استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ کاشت سے کم از کم 10روز قبل بیج کو سر د خانے سے نکال کر سایہ دار جگہ پر رکھ دینا چاہیے تاکہ بیج باہر کے عام درجہ حرارت سے خود کو مانوس کرلے اور اس میں شگوفے پھوٹ آئیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین سمیت محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=504800