آلہ سماعت کی فراہمی اورانرولمنٹ مہم کا آغاز ،300سپیشل ایجوکیشن سکولز کو سنٹر آف ایکسی لینس،آٹزم کیلئے سپیشل ادارہ بنائینگے،جس کو وہیل چیئر چاہیے مجھے لکھیں،مریم نواز

121
سکول میل پروگرام کے آغاز سے طلبہ میں غذائی کمی کے اثرات میں واضح کمی ہوئی ہے، وزیراعلی پنجاب

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب بھر کے 300سپیشل ایجوکیشن سکولز کوسنٹر آف ایکسی لینس بنانے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں ہیرنگ ایڈ کی فراہمی اور انرولمنمٹ مہم کے آغاز کیلئے سپیشل ایجوکیشن کی تقریب میں شرکت کی اور اپنی نشست چھوڑ کر سپیشل بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں۔وزیر اعلی نے سپیشل بچی کو گود میں اٹھا لیا۔مریم نوازشریف نے یونیسف اور جی پی ای کے تعاون سے ہیرنگ ایڈ کیلئے قائم سٹال کا دودہ کیا۔انہوں نے قوت سماعت سے محروم بچوں کے طبی ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی نے سپیشل بچوں کی دستکاریوں اور پینٹنگ کا مشاہدہ بھی کیا۔

مریم نواز شریف کو سرگودھا سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ نے پینٹنگ اور خاکہ پیش کیا۔وزیر اعلی پنجاب نے پینٹنگ اور سکیچ بنانے والے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اورآئوٹ آف سکول سپیشل بچوں کی انرولمنٹ مہم کا بھی باقاعدہ آغاز کیا۔وزیر اعلی نے مہوش ممتا ز ،محمد حماد، غلام فرید، فرمان علی اور ام ایمن کو آلہ سماعت دیئے،سپیشل بچوں نے تلاوت اور نعت رسول اور بصارت سے محروم بچیوں نے قومی ترانہ و ملی نغمے پیش کئے۔تقریب میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ فادل اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن صائمہ سعید نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے تقریر سے قبل سپیشل بچوں کو سٹیج پر بلا کر بٹھا یا۔انہوںنے روایتی ڈائس کی بجائے بچوں کے درمیان بیٹھ کر خطاب کیا۔

وزیر اعلی نے سپیشل ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیارے بچے سب کے سب ہیروز ہیں ،ہیرنگ ایڈ دینے پر یونیسف، جی پی ای اور سپیشل ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتی اور شاباش دیتی ہوں،سپیشل بچوں سے ملاقات کرکے بہت خوش ہوں،سپیشل بچوں کو ہیروز اس لیے کہا ہے کہ سب ہونے کے بعد کچھ کر لینا آسان ہے لیکن یہ ہیرو مشکلات کے ساتھ کمال کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بچے سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے پر سکول آتے ہیں، سن نہیں سکتے مگر سکول آتے ہیں، یہ ہیں اصل ہیرو، سپیشل بچوں کی پینٹنگ اور آرٹ کودیکھا تو حیران رہ گئی، دل خوش ہو گیا،سپیشل بچوں کے اساتذہ کو شاباش دیتی ہوں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 300سپیشل ایجوکیشن سکولز کو سنٹر آف ایکسی لینس بنائیں گے،ہر ضلع میں سپیشل بچوں کے لئے سنٹرآف ایکسی لینس بنا رہے ہیں جہاں عالمی معیار کی ہر سہولت ہوگی، سپیشل بچوں کو مین سٹریم میں لانے کیلئے جو کرنا پڑا کریں گے،فنڈز جاری کر دیئے ہیں، آٹزم کے لیے سپیشل ادارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج آلہ سماعت دے رہے ہیں جس کو ویل چیئر چاہیے مجھے لکھیں فوری ملے گی، جلد ایک وہیل چیئر فراہمی کا پراجیکٹ لانچ کر رہی ہوں،بچوں کو ہیرنگ ایڈ اور عینک فراہم کی جائے تو بچے سپیشل سکول سے نکل کر عام سکول میں آ جائیں گے،آج جو پیار ان بچوں سے ملا زندگی بھر کے لئے مقروض ہو گئی،بچوں سے مل کر سپیشل بچوں کی خدمت کا ارادہ سو سے ہزار فیصد بڑھ گیا۔

وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ بچے نے اشارے سے محمد نواز شریف کے بارے میں پوچھا ہے، اس بچے کا پیغام پہنچائوں گی، اللہ تعالی ٰمجھے سپیشل بچوں کی ضرورت پوری کرنے اور میرے سپیشل بچوں کے بارے میں خواب پورے کرنے کی توفیق دے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریر کو اشاروں کی زبان میں بھی پیش کیا گیا۔سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہدبخاری،وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری زاہد اختر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی ساجد ظفر ڈال،سیکرٹریز اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔