اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):آٹو موبائلز کی فروخت میں مئی 2025 کے دوران 35.05 فیصد جبکہ جاری مالی سال میں 39.40 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما)کے اعداد وشمار کے مطابق مئی 2025 کے دوران کاروں ، ایس یو ویز ،پک اپس اور ویگنوں کی فروخت کا حجم 14ہزار 762 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ مئی 2024 میں فروخت کا حجم 10ہزار 930 یونٹس رہا تھا ۔ اس طرح ماہانہ بنیادوں پر آٹو موبائلز کی فروخت میں 35 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں جولائی 2024 تا مئی 2025 کے دوران کاروں ، ایس یو ویز ،پک اپس اور ویگنوں کی فروخت کا حجم ایک لاکھ 26 ہزار 226 یونٹس رہاہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 90 ہزار 545 یونٹس فروخت کئے گئے تھے ۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران چھوٹی گاڑیوں کی فروخت میں 35 ہزار 681 یونٹس یعنی 39.40 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
پاما کی رپورٹ کے مطابق سازگار انجینئرنگ کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر 67 فیصد جبکہ 18 سالانہ اضافہ ہوا ہے۔ مزید براں انڈس موٹر کمپنی کی ماہانہ فروخت میں 48 فیصد جبکہ سالانہ فروخت میں 136 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ اسی طرح ہنڈ اٹلس کارز کی ماہانہ فروخت 17 فیصد جبکہ سالانہ فروخت میں 69 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہنڈائی نشاط کی تیار کردہ گاڑیوں کی ماہانہ فروخت میں 45 فیصد جبکہ سالانہ فروخت میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
پاما کے اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں مئی 2025 کے دوران 147 فیصد جبکہ مئی 2025 میں 17 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔