آٹیزم کا شکار بچوں کیلئے شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ آرٹیزم سینٹر قائم کیا جائے گا، چیئرمین سی ڈی اے

179

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایف سیون فور ماڈل کالج فار گرلز میں منعقدہ سمر کیمپ کا دورہ کیا اور وزارت تعلیم سمیت دیگر شعبوں کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں آٹیزم سینٹر قائم کیا جائے گا۔

ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ آٹیزم کا شکار بچوں کے لئے شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ آرٹیزم سینٹر قائم کیا جائے گا اور جلد ہی مناسب جگہ کی نشاندہی کر کے آٹیزم سینٹر کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کردی جائے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ آٹیزم سینٹر کے قیام کے لئے ماڈل کالج فار گرلز کی پرنسپل کی سربراہی میں طلبہ پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

سمر کیمپ کے بچوں پر مشتمل کمیٹی آٹیزم سینٹر کے انٹرنیشنل ماڈل کے مطابق تحقیق اور ریسرچ کرے گی اور بچے خود اپنی ریسرچ پر سی ڈی اے بورڈ کو بریفنگ دیں گے۔ سی ڈی اے ان سفارشات پر عمل درآمد اور پلان فائنل کرے گا ۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بچوں سے ریسرچ کرانے کا مقصد بچوں میں تحقیق اور ریسرچ کا رجحان پیدا کرنا ہے کیونکہ سمر کیمپ کے بچوں میں ریسرچ کا جوش و خروش ہے اور بچے ریسرچ کرکے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے بچوں میں تحقیق کی عادت بڑھے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں آٹیزم سینٹر کی اشد ضرورت ہے تاکہ آٹیزم کا شکار بچے بھی دوسرے بچوں کی طرح ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سمر کیمپ کے انعقاد کے موقع پر فیڈرل ایجوکیشن کے اقدام کو بھی سراہا اور سمر کیمپ کے شرکاء کو موٹیویشنل لیکچر بھی دیا۔