کراچی۔11جون (اے پی پی):آڈ یٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے گذشتہ روز کراچی آمد پر قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار قائد پر حاضری دی اور کہا کہ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی شاندار قیادت کے سبب حاصل ہوا۔اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے انصاف، مساوات اور گڈ گورننس کے لئے جدوجہد کی اور یہی پاکستان کے لئے ان کی میراث ہے ۔
آڈیٹر جنرل نے اکانٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں ایک شاندار اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا،یہ جدید ترین سہولت ملازمین میں جسمانی تندرستی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی ہے جس میں پریکٹس نیٹ کے ساتھ کرکٹ گرائونڈ سمیت جدید سہولیات سے آراستہ، انڈور کھیلوں کی کورٹس اور بیرونی کھیلوں کے میدان شامل ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے گورنر سندھ سے ملاقات کی اوراس موقع پر حکومتی کارروائیوں میں احتساب اور نگرانی کی اہمیت کو تقویت دینے ، مثر مالیاتی انتظام کو یقینی بنانے اور آڈیٹر جنرل اور گورنر کے دفتر کے درمیان تعائون بڑھانے پربھی گفتگو کی گئی۔
آڈیٹر جنرل نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران مالیاتی انتظام کے طریقوں میں بہتری ، عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور گڈ گورننس کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ آڈیٹر جنرل پاکستان نے وزیر اعلی سندھ اور گورنر سندھ کی جانب سے اپنے پرتپاک استقبال اور صوبہ سندھ میں مالیاتی احتساب اور شفافیت کو آگے بڑھانے کے عزم کو سراہا اور سالمیت اور گڈ گورننس کی ثقافت کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد پر زور دیا۔اس موقع پراکانٹنٹ جنرل سندھ محمود امیر، ڈپٹی آڈیٹر جنرل نیاز احمد شیخ اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ کامران ہاشمی بھی موجود تھے۔