گجرات۔6ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کے ویژن کے مطابق”اب گائوں چمکیں گے” پروگرام کے انعقاد کےموقع پر گجرات میں نمبرداران کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محسن رضا سمیت ضلع بھر کے نمبرداران اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ "اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کے تحت گاؤں کی سطح پر صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور نکاسی آب کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، ہر یونین کونسل میں سینٹری ورکز اور لوڈر رکشے فراہم کئے گئے ہیں، یونین کونسل کی سطح پر نمبردار، پٹواری اور یو سی سیکریٹری صفائی مہم کے انتظامی امور دیکھیں گے،
گاؤں کی سطح پر تمام تر مقامی نمائندے نمبردار ہونگے، نمبرداران اپنے اپنے گاؤں میں اس مہم کی نگرانی کریں گے اور اپنے علاقے کے لوگوں کی نمائندگی کریں گے، صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ماہ ہر 5 مرلہ تک کے گھر سے 50 روپے وصول کئے جائیں گے، فی دکان 200 روپے، پیٹرول پمپ،سروس اسٹیشنز اور شادی ہالز سے 1000 روپے اور گاؤں میں انڈسٹریل یونٹس سے 2000 روپے وصول کئے جائیں گے،
تمام فنڈز کی سخت مانیٹیرنگ بھی کی جائیگی۔ڈی سی گجرات نے بتایا ہے کہ بہترین صفائی کے اقدامات کرنے والے نمبرداران کی گاؤں میں جاکر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر قائم ہونے والی کمیٹی میں ریونیو، لوکل گورنمنٹ سمیت نمبرداران شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ "اب گاؤں چمکیں گے” پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے،
پروگرام کے تحت شہروں کی طرز پر دیہی سطح پر میونسپل سروسز فراہم کی جائیں گی، دیہاتوں کے نمبرداران کو با اختیار بنایا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ سرکاری سطح پر نمبردار کو شناخت فراہم کرنے کے لئے مخصوص کارڈز کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کے تحت انکو با اختیار بنایا جائےگا اور دیہی علاقوں کے مکینوں کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387537