اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور امارات کی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النیہان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر (آج)اتوار کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچ رہے ہیں۔دورے کے دوران ولی عہد وزیراعظم سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ہفتہ کو دفترخارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تین ماہ سے کم عرصے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کی عکاسی ہوتی ہے۔متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے وہاں پر سولہ لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو سالانہ چار ارب پچاس کروڑ ڈالر وطن بھجواتے ہیں۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات موجودہ خصوصی تعلقات کو طویل المعیاد تذویراتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پہلے ہی مل کر کام کررہے ہیں جس پر گزشتہ سال اٹھارہ نومبر کو وزیراعظم کے متحدہ عرب امارات کے دورے میں دونوں رہنماﺅں میں اتفاق کیا گیا تھا۔متحدہ عرب امارات پہلے ہی پاکستان کو ادائیگی کے توازن کے بحران پر قابو پانے میں مدد کیلئے تین ارب ڈالر کی فراخدلانہ امداد کا اعلان کرچکا ہے جبکہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی پر غور جاری ہے۔متحدہ عرب امارات پاکستان کا بڑا ترقیاتی شراکت دار بھی ہے جس کا تعلیم، صحت ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ہے۔شیخ محمد بن زید النیہان کی سرپرستی میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان امدادی پروگرام کے تحت پولیو اور تعلیم کے شعبے میں سب سے بڑی قابل قدر امداد دی ہے۔ انہوں نے 2007 ء میں پاکستان کا آخری مرتبہ دورہ کیا تھا۔