اتحادی جماعتیں ہر غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام کا راستہ روکیں گی، پرویز الہیٰ ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، قمر زمان کائرہ

249
قمر زمان کائرہ

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیںہر غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام کا راستہ روکیں گیں،ہم اسمبلیاں جوڑنے جبکہ عمران خان توڑنے والے ہیں،پرویز الہیٰ ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں،عمران خان اور ان کی جماعت نے ہمیشہ جمہوریت مخالف اقدامات کو ترجیح دی ہے،عمران خان عدالتوں میں جانے کی بجائے ایوان میں آئیں،ملک میں معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن جلد ان سے نکل آئیں گے،سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر ختم ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجا ب کے سیکرٹری جنرل سید حسن مرتضیٰ ، پیپلز پارٹی سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، ایم پی اے شازیہ عابد،جمیل منج،آصف ناگرہ سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجودتھی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر کوئی وزیر اعلیٰ ایوان کا اعتماد کھو بیٹھے تو وہ فیصلے کرنے کا مجاز نہیں ہوسکتا،اتحادی جماعتیں آئین و قانون کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل کا راستہ روکیں گی،عمران خان اگر الیکشن چاہتے ہیں تواسمبلیاں کیوں نہیں توڑ رہے،عمران خان میں اتنی ہمت نہیں وہ دونوں اسمبلیاں توڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے مطابق تمام سیاسی معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں،عمران خان کے پاس اپنی کارکردگی کے حوالے سے بتانے کو کچھ نہیں،انہوں نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا،اب اس ملک پر عمران خان کے حملے برداشت نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اکثریت کا دعوی کرنے والے اب میدان چھوڑ کر بھاگنا چاہتے ہیں،اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کے پاس ممبران کی تعداد پوری ہے تو وہ اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے، ہم عمران خان سے پوچھتے ہیں کہ وہ عدم اعتماد سے بھاگ کیوں رہے ہیں،عمران خان جانتے ہیں کہ وہ پہلے بھی ایک مرتبہ وزارت عظمیٰ سے ہٹائے گئے ہیں، پی ٹی آئی والوں کو الزام تراشی کی سیاست آتی ہے یہ مکمل طور پرناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہوجائے اور پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوجائے مگر ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،اس وقت ملک میں معاشی مسائل ضرور ہیں مگر جلد ان مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مہنگائی بڑا فیکٹر ہے،جلد قابو پا لیں گے ،ہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ر ی شیڈول نہ کرتے تو صورتحال مختلف ہوتی۔اگر عالمی منڈی میں چیزوں کے ریٹ بڑھے ہیں تو یہاں بھی اثر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو فنڈز مرکز نے اپنا پی ایس ڈی پی کاٹ کر دیا ہے کسی صوبے کا نہیں۔آج تھر کا انفراسٹرکچر بہترین ہو چکا ہے، وہاں پر عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل ہی پاکستان میں اداروں اور جمہوریت کو مضبوط کریگا،عمران خان جب خود اقتدارمیں ہوتے ہیں تو جمہوریت کو مضبوط کرنے کی باتیں کرتے ہیں اور اب اپوزیشن کے اندر رہتے ہوئے جمہوریت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا ایشو حکومت گرانا یا پنجاب حکومت لینا نہیں،یہ بلا جواز ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے کا نہیں کہا جا سکتا ۔ عمران خا ن نے اپنے خلاف عدم اعتماد میں جو گل کھلائے سب کے سامنے ہیں۔

سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر شا ہ نے کہا کہ مہنگائی پی ٹی آئی کی سابق حکومت کا شاخسانہ ہے ،انہوں نے جس طرح آئی ایم ایف سے معاہدے کئے یہ اسکا نتیجہ ہے،اتنی حکومتیں تبدیل ہوئیں کبھی ایسے حالات نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پرویز الہی خود کہہ چکے ہیں کہ انکے 99 فیصد ارکان اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اتنے جھوٹے ہیں کہ اگر سیب کھا رہے ہوں تو کہتے ہیں کہ کیلا کھا رہا ہوں،لاہور اسکے باپ کا ہے جو وہ دعوے کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کیلئے ریاست کو دا ؤپر لگا رکھا ہے کیونکہ وہ صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں۔