اتحادی حکومت کی اولین ترجیح گڈ گورننس کے ذریعہ عوام کی خوشحالی ہے، انجینئر امیر مقام

115

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اتحادی حکومت کی اولین ترجیح گڈ گورننس کے ذریعہ عوام کی خوشحالی ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ اداروں کو نیوٹرل ہونا چاہیے جسے عمران خان بھی مانتے ہیں مگر جب وہ نیوٹرل ہوئے تو عمران نے کہا کہ فوج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو مجھے سپورٹ کرنا چاہیے۔ مشیر نے کہا کہ فوج کے خلاف عمران کی چلائی ہوئی کمپین کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر قدم پر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا کتنا بڑا دشمن ہےکہ اس نے اسی خاکی وردی والوں کو بدنام کیا جو عوام کے ساتھ ہر مشکل میں ثابت قدمی کے ساتھ کھڑی رہی چاہے قدرتی آفات ہوں یا دہشت گردی ہو۔

ان کا کہنا تھا کی عمران کی خواہش فوج کے خلاف منفی پراپیگنڈا کرکے ان کے حوصلے پست کرنا ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران نیازی اپنی مرضی کا آرمی چیف چاہتے تھے تاکہ میرٹ کی دھجیاں اڑا سکیں مگر اس کے برعکس میرٹ پر تقرریاں کی گئیں۔ عمران نیازی کے اس منصوبے کے ناکام ہونے پر مشیر وزیراعظم نے عوام کو مبارکباد پیش کی۔

انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ قائد نواز شریف اور پی ڈی ایم خراجِ تحسین کی مستحق ہیں کہ انہوں نے دباؤ کا سامنا کیا اور آئین کی بالادستی کی خاطر ڈٹے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی ثابت قدمی سے عمران نیازی کے معیشت کو تباہ کرنے اور عوام کو فوج سے لڑانے کے خواب چکناچور ہو گئے۔

مشیر نے کہا کہ عمران کا ساتھ دینے والی عوام ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں جو بہت جلد عمران نیازی کے جھوٹے بیانیے کو سمجھ کر مسترد کر دیں گے۔مشیر نے کہا کہ عمران نیازی کی معیشت کی تباہی کے منصوبے کے بعد اداروں کی تباہی کا منصوبہ بھی فلاپ ہو گیا، پوری قوم سازش کی ناکامی پر مبارکباد کی مستحق ہے اب ملک کی معاشی اور دفاعی مضبوطی کیلئے کام ہو گا کل کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ملک فرد واحد کی خواہش سے نہیں بلکہ آئین اور قانون سے آگے بڑھے گا۔

مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ریجنل آفس شانگلہ کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے واپڈا کے کئی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔