اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے تنقید کی کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں صرف نواز شریف کے احتساب کے معاملات پر ریلیف حاصل کرنے کے لئے ریاستی اداروں اور حکومت کوبلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن سندھ میں ان کے صریح جھوٹ کو بے نقاب کردیا گیا۔جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مرکزی ایجنڈا ریاستی اداروں پر دباو ڈالنا ہے لیکن حکومت پوری طرح اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے کے لئے حزب اختلاف کی ایسی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو بلیک میل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور احتساب کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔شہباز گل نے کہا کہ ملکی تاریخ ان کہانیوں سے بھری ہوئی ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے پولیس کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے لئے استعمال کیا ہے اور صفدر اعوان کی گرفتاری سے متعلق فوٹیج سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نہ تو کوئی دروازہ زبردستی کھولا گیا تھا اور نہ ہی اس میں کوئی ہاتھا پائی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پسندیدہ میڈیا چینلز کے ذریعے ایک ویڈیو بھی گردش کی گئی ہے جس میں غلط تصویر کشی کی گئی ہے لیکن ہوٹل کے اندر سے سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ پولیس نے سارا کام انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی عظیم الشان اتحاد مسلح افواج اور عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہا ہے اور اس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے خوف سے حکومت سندھ نے وفاقی حکومت کے خلاف بے بنیاد مہم چلائی ہے اور حکومت سندھ نے ہمیشہ تمام مسائل کا ذمہ دار وفاقی حکومت پر الزام لگا کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ اپوزیشن گذشتہ 30 سالوں میں عوام کے لئے کچھ کرنے میں ناکام رہی تھی اور اب وہ صرف اپنے غم بانٹنے اور اپنے کرپٹ قائدین کی حفاظت کے لئے جمع ہوگئی ہے۔