احساس پروگرام ،نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم ، کامیاب پاکستان پروگرام ، ہیلتھ کارڈ اور کامیاب جوان پروگرام پر عملی کام ہو رہاہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا خطاب

145

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ احساس پروگرام ، نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم ، کامیاب پاکستان پروگرام ، ہیلتھ کارڈ اور کامیاب جوان پروگرام پر عملی کام ہو رہاہے ۔ان پروگراموں سے نوجوان ترقی کریں گے، ملک سے غربت ختم ہو گی اور پاکستان میں خوشحالی آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیراعظم عمران خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کہاکہ آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک کے 155اضلاع میں نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کر کے اپنا کاروبار کر رہے ہیں ، دوسر وں کے لئے روزگار پیدا کر رہے ہیں ، کامیابی سے کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے ذریعے نوجوانوں کے امور کی بندر بانٹ کر دی گئی ، وزیراعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کی بات کی کیونکہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔نوجوانوں کے لئے 135ارب روپے سے 3پروگراموں کا آغاز کیا گیا ، روز گار کے لئے 100ارب روپے مختص کئے گئے ، سکلز سکالرشپ کے لئے 10ارب روپے رکھے گئے ، اب کامیاب جوان مرکز ، کھیلوں کی سرگرمیوں اور انوویشن لیگ اور گرین یوتھ موومنٹ کے لئے 4ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان مرکز یونیورسٹی کے طالبعلوں کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ اس کامیاب جوان مرکز سے نوجوانوں کو معلومات تک رسائی ، روزگاراور کیریئر کونسلنگ میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ احساس پروگرام نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم ، کامیاب پاکستان پروگرام ، ہیلتھ کارڈ اور کامیاب جوان پروگرام پر عملی کام ہو رہاہے ۔ان پروگراموں سے نوجوان ترقی کریں گے، ملک سے غربت ختم ہو گی اور پاکستان میں خوشحالی ہو گی ،دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ اگلے سال تک کامیاب جوان پروگرام کو ہر گھر تک پہنچایا جائے گا ۔