ادارہ حرمین کا حج سیزن میں عازمین کے استقبال کے لیے بڑا آپریشنل پلان

50

مکہ مکرمہ ۔2جون (اے پی پی):حرمین الشریفین کی انتظامیہ نے حج سیزن میں عازمین کے استقبال کا سب سے بڑا آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق الحرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اس سال حج سیزن کا آپریشنل پلان انتظامیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد معمول کے مطابق حج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال حج سیزن میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کے لیے 185 پروگرام تیار کیے گئے ہیں۔ انہیں نافذ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل سسٹم اور مختلف شعبوں میں الیکٹرانک نظام سے کام لیا جائے گا۔ ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حاجی اور زائر کی خدمت ہمارے لیے باعث اعزاز کے عنوان سے سپیشل مہم بھی چلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حرمین الشریفین انتظامیہ اس سال 14 ہزار تربیت یافتہ اہلکاروں کی خدمات حاصل کرے گی۔ اتنی بڑی تعداد تاریخ میں پہلی بار تعینات کی گئی ہے۔ ایسے مقامات جہاں زائرین بڑی تعداد میں ہوں گے وہاں کارکن زیادہ تعداد میں مقرر کیے جائیں گے۔

مطاف، سعودی دالان، صفا اور مروہ کا درمیانی حصہ، اندرونی و بیرونی صحنوں میں ہر جگہ کارکن خدمت کے لیے موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 8 ہزار سے زیادہ رضاکار حج زائرین کی خدمت کریں گے۔ مختلف قسم کے دس کام انجام دیں گے۔

ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ وہیل چیئر سروس کو زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔ وہیل چیئرز کی تعداد نو ہزار کردی گئی ہے جو چوبیس گھنٹے مہیا ہوں گی۔ تنقل ایپ کے ذریعے حرم شریف آنے سے قبل وہیل چیئر بک بھی کرائی جاسکے گی۔ اس موقع پر سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔