اداکار حسام قاضی کی 21 ویں برسی منائی گئی

31

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):اداکار حسام قاضی کی 21 ویں برسی منائی گئی۔پاکستان ٹیلی ویژن کے نامور اداکار حسام قاضی 1961 میں‌ کوئٹہ میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ڈرامہ ’’خالی ہاتھ‘‘ سے کیا تھا۔ کاظم پاشا کے ڈرامہ سیریل ’’چھاؤں‘‘نے حسام قاضی کو شہرت دی۔حسام قاضی نے زمانہ طالبِ علمی میں‌ اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ ماسٹرز کی ڈگری مکمل کے بعد انھوں نے کوئٹہ کے ایک کالج میں لیکچرار کے طور پر عملی زندگی شروع کی لیکن تدریس کے شعبے میں مصروفیات کے ساتھ ان کا اداکاری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

وہ پی ٹی وی کے کوئٹہ مرکز کے ان اداکاروں میں سے ایک تھے جنھیں ان کے خوب صورت لب و لہجے اور دھیمے انداز کی وجہ سے پسند کیا گیا اور ان کی اداکاری نے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔حسام قاضی نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز80 کی دہائی میں کوئٹہ ٹیلی ویژن سے کیا۔انہوں نے300سے زائد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کے معروف ترین ٹی وی ڈراموں میں خالی ہاتھ،درد کے رشتے،دیس پردیس،مٹی کی مورت،سلسلے،لب دریا،کشکول، ماروی،چاکر اعظم،محراب خان اور دیگر قابل ذکر ہیں۔حسام قاضی3 جولائی 2004 میں حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔