ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف پورے ملک میں کریک ڈائون جاری

147

اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) وزیربرائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈنیشن عامر محمود کیانی کی ہدایت پر ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف پورے ملک میں کریک ڈائون تیزی سے جاری ہے، اس سلسلہ میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ مختلف ڈسٹریبیوشنز پر اچانک چھاپہ مارکر ادویات کی زائد قیمت وصول کرنے والوں کے سٹاک قبضے میں لے رہے ہیں۔ وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق وزیر صحت عامر کیانی کی ہدایت پر ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف پورے ملک میں کریک ڈائون تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں ڈریپ کی ٹیم نے ملک بھر کے مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد اورپشاور میں وسیع پیمانے پر ایکشن کر رہی ہیں جبکہ غیر قانونی طور پر زائد قیمت والی ادویات قبضے میں لی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی اضافے میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی حکومت ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن 395 ادویات کی قیمت میں حکومت نے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ان ادویات کی قیمتیں فوراً کم کی جائیں، ادویات منظور شدہ قیمت پر فروخت نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔