عمان ۔26جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے کہا کہ 2021 میں اردن نےشامی مہاجرین کو ریکارڈ تعدادمیں ورک پرمٹ جاری کئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق شامی مہاجرین کو ریکارڈ 62,000 ورک پرمٹ جاری کیے گئے جن میں 31,000 اجازت نامے شامل ہیں، جو پناہ گزینوں کو ایک ہی شعبے میں ایک جیسی ملازمتوں اور آجروں کے درمیان منتقل ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔
یو این ایچ سی آرنے اردن کی شامی پناہ گزینوں کے لیے اپنی لیبر مارکیٹ کھولنے میں کی کوششوں کی تعریف کی۔یو این ایچ سی آرکے مطابق شامی پناہ گزینوں کو 2016 سے اردن میں کئی شعبوں میں کام کرنے کی اجازت دی گئی ، جب کہ بین الاقوامی برادری نے اردن معاہدے کے تحت مالی اعانت اور تجارتی سہولت میں توسیع کی جو کہ شامی پناہ گزینوں کے لیے تعلیم اور قانونی روزگار تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ایک اقدام ہے۔ایجنسی کے مطابق اردن 750,000 سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہےجن میں سے زیادہ تر شامی ہیں۔