اس سال یوم آزادی 2025 ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

41

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اس سال یوم آزادی 2025 کو قومی جوش و جذبے، اتحاد اور ایک نئی ولولہ انگیز سوچ کے ساتھ ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا تاکہ عوام کے عزم، یکجہتی اور روشن مستقبل کی امید کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت منگل کو ابتدائی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ، وزارت قومی ورثہ و ثقافت، وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت بین الصوبائی رابطہ، آئی ایس پی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال یوم آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا تاکہ قوم کے ایمان، حوصلے اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات دنیا کو یہ پیغام دیں گی کہ پاکستان ایک خوددار، مضبوط اور پرعزم قوم ہے جو اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ جشن نہ صرف ہماری آزادی کی یادگار ہے بلکہ قومی احیاء کا لمحہ ہے ، ایسا لمحہ جو ہماری قوم کی مزاحمت، ریاست کی استقامت اور عالمی سطح پر پاکستان کی ابھرتی ہوئی شناخت کو ظاہر کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ تمام یونیورسٹیاں اور سکول یوم آزادی کی تقریبات کو ایک ہی طرز پر منائیں جس کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت تعلیم کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی طرح بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی تقریبات کو ہم آہنگ انداز میں منعقد کرنے کی تجویز دی گئی۔اجلاس میں شرکا نے وفاقی اور صوبائی سطح پر مختلف تقریبات اور تخلیقی سرگرمیوں کے منصوبے پیش کیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان تقریبات کے لیے جامع منصوبہ بندی اور بجٹ کی فراہمی ضروری ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ ہمیں اس موقع کو ’’معرکہ حق‘‘ کی روح کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے،

جہاں ہماری افواج، عوام، حکومت اور تمام ادارے ایک ساتھ کھڑے ہوئے،آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی آئی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈیجیٹائزیشن سے طرز حکمرانی بدل رہا ہے اور جدت فروغ پا رہی ہے،یہ وقت ہے کہ ہم پاکستان کی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے فخر سے پیش کریں۔انہوں نے زور دیا کہ یہ تقریبات پوری قوم کی یکجہتی کی علامت ہوں ، ہر ضلع، ہر صوبہ، ہر کونے سے ایک ہی آواز اٹھے تاکہ دنیا کو پاکستان کی بلند حوصلہ آواز سنائی دے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ قوم متحد ہے، ثابت قدم ہے اور ہر سازش کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے، ہماری سول اور عسکری قیادت شانہ بشانہ کھڑی ہے،ان تقریبات سے دنیا کو واضح پیغام ملے گا کہ پاکستان متحد ہے اور مضبوط ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ ملک بھر میں ملی نغمے، خصوصی پروگرامز اور ایک جامع دستاویزی فلم سمیت مختلف سرگرمیوں کی تیاری جاری ہے جو ملک کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر پذیرائی کو اجاگر کریں گی۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہمارے سکولوں اور طلبہ میں یوم آزادی کے لیے جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ تقریری مقابلے، مضمون نویسی، مصوری اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تقریبات میں عام شہری، طلبہ، فنکار، کاروباری طبقہ اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی شامل ہوں تاکہ پورا پاکستان ایک آواز میں اپنی کہانی دنیا کو سنائے۔ ان تقریبات میں قومی نغمے، ڈرامے، مشاعرے، دستاویزی فلمیں، ثقافتی میلے، عوامی اجتماعات، سکول مقابلے اور سفارتی مشنز کی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یوم آزادی 2025 صرف ایک یادگار دن نہیں ہو گا بلکہ یہ ایک اعلان ہو گا کہ پاکستان دوبارہ اٹھ کھڑا ہوا ہے اور اس بار بلند پرواز میں ہے۔ حکومت نے ہر پاکستانی سے اپیل کی کہ وہ ان تقریبات میں بھرپور شرکت کرے اور دنیا کو ایک متحد، پرعزم اور فخر سے بھرپور قوم کا پیغام دے۔