اس وقت ہماری سیاست کا محور معاشرے سے تقسیم کا خاتمہ، معیشت کی بحالی، دنیا میں پاکستان کی سربلندی اور عوام کو ریلیف دلوانا ہے، بلاول بھٹو زرداری

116
بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

کراچی ۔10مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس وقت ہماری سیاست کا محور معاشرے سے تقسیم کا خاتمہ، معیشت کی بحالی، دنیا میں پاکستان کی سربلندی اور عوام کو ریلیف دلوانا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت سندھ کی 5 ڈویژنوں کے ارکان سندھ اسمبلی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران کے اجلاس بلاول ہاوَس کراچی میں منعقد ہوئے، جن میں بلدیاتی الیکشن کے بعد کی صورتحال اور سیاسی حالات کا جائزہ لیا گیا۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژنوں کے ارکان اسمبلی، ڈویژنوں اور اضلاع کے صدور، جنرل سیکریٹریوں، اطلاعات کے سیکریٹریوں سے ملاقاتیں کیں۔ اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینیٹر وقار مہدی، سینیٹر عاجز دھامراہ اور نعمان شیخ شریک ہوئے۔ پی پی پی شعبہ خواتین کی صدر شگفتہ جمانی، ڈاکٹر مہرین بھٹو اور سعدیہ جاوید بھی شریک ہوئیں۔

ڈویژنل صدور اعجاز جکھرانی، سید علی نواز شاہ رضوی، پیر آفتاب شاہ جیلانی، سید بچل شاہ، اور ضیاء الحسن لنجار بھی موجود ہوئے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی تاریخی کامیابی پر ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کو مبارک باد دی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری جانب سے اپنے اپنے حلقے اور علاقے کے جمہوریت پسند عوام کو مبارک باد اور جیالوں کو شاباش کا پیغام پہنچائیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد بلدیاتی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچانا ہمارا مشن ہوگا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد تکمیل پر پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر جیالوں نے اسی جذبے کے ساتھ عوام کے ساتھ مِل کر محنت کی، تو آئندہ الیکشن میں مزید بھاری کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات نے پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیابی کا تاریخی موقع دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری سیاست کا محور معاشرے سے تقسیم کا خاتمہ، معیشت کی بحالی، دنیا میں پاکستان کی سربلندی اور عوام کو ریلیف دلوانا ہے۔ اجلاس میں شریک ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداران نے پارٹی چیئرمین کو بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام نے آپ کے منشور اور ویژن کو ووٹ دیا ہے، قوم آپ کے ساتھ ہے۔ اجلاس میں شریک ارکانِ اسمبلی اور عہدیداران نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔