اس کی تیار کردہ کورونا ویکسین 90 فیصد تک موثر پائی گئی ہے، برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرازینیکا کا دعوی

65

لندن ۔25نومبر (اے پی پی):برطانیہ کی بڑی دوا ساز کمپنی آسٹرازینیکا نے کہا ہے کہ اس کی کورونا وائرس سے بچائو کے لیے تیار کردہ ویکسین آزمائشی مرحلے سے گزرنے اور ایک عبوری جائزے میں 90 فیصد تک موثر پائی گئی ہے۔کمپنی نے ایک غیر جانبدار بورڈ کی طرف سے برطانیہ اور برازیل میں ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے تجزیاتی نتائج پیر کو جاری کیے۔ کمپنی یہ ویکسین یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ساتھ مل کر تیار کر رہی ہے۔آسٹرازینیکا نے کہا ہے کہ اس آزمائش میں 23 ہزار افراد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس دوران ایک گروپ میں ویکسین 90 فیصداور دوسرے گروپ میں 62 فیصد تک موثر پائی گئی ہے۔ دونوں گروپوں کے مشترکہ نتائج سے ویکسین کا اوسطاً 70 فیصد موثر ہونا ظاہر ہوا ہے۔کمپنی نے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پیش آنے یا انفیکشن کے پیچیدہ صورت اختیار کرنے کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔کمپنی نے کہا ہے کہ ویکسین کی منظوری کے لیے ان اعدادوشمار کو دنیا بھر میں اُن حکام کو پیش کیا جائے گاجہاں مخصوص شرائط پوری ہونے پر اس کے استعمال یا استعمال کی جلد منظوری کے لیے طریقہ کار موجود ہے۔