اساتذہ کے احترام اور پہچان کے بغیر معاشرہ کبھی بھی حقیقی کامیابی اور ترقی حاصل نہیں کر سکتا، چیئرمین بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

78
اساتذہ کے احترام اور پہچان کے بغیر معاشرہ کبھی بھی حقیقی کامیابی اور ترقی حاصل نہیں کر سکتا، چیئرمین بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اساتذہ کو "علم وحکمت کا سرچشمہ” قرار دیتے ہوئے ان عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے جو اپنے زندگیوں کو آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے وقف کردیتے ہیں۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یونیسکو اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے اشتراک سے منعقدہ عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے حضور اکرمﷺ اور جدید دور کی تعلیمات کے درمیان ایک ہم آہنگی پیدا کی جواساتذہ کی اہمیت، علم اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے والوں سے منسوب لازوال قدر کی نشاندہی کرتی ہے۔ بی آئی ایس پی اور اخوت فائونڈیشن کے چیئرمین نے ‘معاشرہ، استاد اور طالب علم’ تین منسلک شدہ عناصر کے کرداروں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اساتذہ کے احترام اور پہچان کے بغیر معاشرہ کبھی بھی حقیقی کامیابی اور ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ روشن مستقبل کے معمار ہیں، طلباء کو ذمہ دار شہری اور بہتر انسان بناتے ہیں ۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے طلباء سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کی تعلیمات پر دلجمعی سے عمل کریں کیونکہ وہ علم و کردار کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کے تئیں محبت اور احترام کی علامت کے طور پر وقت کی پابندی اور اطاعت کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالی جو ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ غریب خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی ان خاندانوں کے بچوں کو وظیفہ فراہم کر کے تعلیم تک رسائی اور روشن مستقبل کو یقینی بنا کر ان کی مدد کرتا ہے۔

تقریب کا آغاز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے پرتپاک استقبال سے ہوا جنہوں نے معاشرے پر اساتذہ کے گہرے اثرات کے حوالے سے اس دن کی اہمیت پر زور دیا۔ پی آئی ای کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے معاشرے کے معماروں کے طور پر اساتذہ کے اہم کردار پر مزید روشنی ڈالی اور پسماندہ افراد کی بہتری میں اخوت اور بی آئی ایس پی کی عظیم شراکت کا اعتراف کیا۔