گوجرانوالہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ہائیر ایجوکیشن پنجاب عمران اکرم چوہان نے کہا ہے کہ اساتذہ ہماری زندگی میں بہت اہمیت کے حامل ہیں ۔ گورنمنٹ گریجویٹ گرلز کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں مختلف کالجز کےپرنسپلزکے اعزاز میں بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد اپنے طلبہ کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردیتا ہے۔ والدین کے بعد ایک استاد ہی ہے جو بچوں کو ان کی زندگی کے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شعیب عاشق بٹ ،پرنسپل ادارہ مسسز سعدیہ آصف ،وائس پرنسپل شمع ،ڈویژن بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کالجز،پرنسپلز،فیکلٹی ممبران ،کئیر ٹیکر محمد احسن، شیریں گل ، شمائلہ محفوظ وحیدہ اکبر ،خالدہ ناصرسمیت مردو خواتین نے شرکت کی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل پرنسپلز کو سٹار ایوارڈ اور کیش پرائز دینے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلے میں آج کی تقریب کا انعقاد کیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی ہدایت پر سال میں بہترین کارکردگی دکھانےوالے پرنسپلز جنہوں نے اپنے کالجز میں انرولمنٹ مہم میں مقررہ ہدف حاصل کیا انہیں ایوارڈ دیئے جا رہے ہیں ایسے اداروں کے پرنسپلز جنہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ان کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی ایوارڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا جارہا ہے۔